فلسطینی وفد کو ویزا دینے سے امریکی انکار پر غزہ کے متعلق وزارتی کمیٹی کا افسوس

امریکہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے معاہدے کے تحت وعدوں کا احترام کرے،کمیٹی کا بیان

اتوار 31 اگست 2025 13:00

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)غزہ کے بارے میں عرب- اسلامی وزارتی کمیٹی نے امریکی محکمہ خارجہ کے اس فیصلے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ وہ ستمبر میں نیویارک میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے فلسطینی وفد کو ویزا نہیں دے گا۔کمیٹی نے امریکی انتظامیہ سے اس فیصلے پر نظر ثانی اور اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کے معاہدے کے تحت وعدوں کا احترام کرنے، مکالمے اور سفارت کاری کے مواقع فراہم کرنے اور فلسطینی قومی اتھارٹی کے مثبت موقف اور امن کے لیے اس کی مضبوط وابستگی پر زور دیا۔کمیٹی نے صدر محمود عباس اور فلسطینی قومی اتھارٹی کی حمایت کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ وہ اپنے اصلاحاتی حکومتی پروگرام اور ان وعدوں کو آگے بڑھا سکیں جن کی انہوں نے موجودہ مشکل صورتحال میں امن کی حمایت اور تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے دوبارہ تصدیق کی تھی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطینی اتھارٹی کو کمزور کرنا امن کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گا اور تنازع کو برقرار رکھے گا۔