Live Updates

نئے آبی ذخائر وڈیم ناگزیر، ان کی تعمیرکے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے، میاں کاشف اشفاق

اتوار 31 اگست 2025 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ نئے آبی ذخائر اور ڈیم ناگزیر ضرورت بن چکے ہیں، حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں وغیر متوقع موسمی حالات کے تناظر میں اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ اتوار کو یہاں "نئے ڈیم پاکستان کو بچا سکتے ہیں" کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگر کئی ممالک تقریبا ہر سال تباہ کن سیلابوں کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے بنیادی ڈھانچے، گھروں اور انسانی جانوں کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔

پانی ذخیرہ کرنے کی مناسب سہولیات نہ ہونے کہ وجہ سے سیلابی پانی بغیر استعمال کے سمندر میں بہہ جاتا ہے جبکہ ہماری لاکھوں ایکڑ زرخیز زمین کو خشک مہینوں میں زراعت کے لئے پانی میسر نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آبی ذخائر اور ڈیموں کی تعمیر اس تباہ کن قوت کو قومی اثاثہ میں تبدیل کر سکتی ہے، ڈیم سستی پن بجلی کی پیداوار کا ذریعہ ہیں جس سے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم اور صاف و قابل تجدید توانائی حاصل ہوتی ہے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چھوٹے اور بڑے ڈیم نہ صرف سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ اس کے اخراج کو بھی منظم کرتے ہیں تاکہ آبپاشی کے لیے پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس کام میں مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات