Live Updates

حکومتِ پنجاب متاثرینِ سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑے گی، سپیکر پنجاب اسمبلی

اتوار 31 اگست 2025 15:00

قصور،31 اگست (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں کا ڈسٹرکٹ پبلک سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ ۔سپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر مملکت نےفلڈ ریلیف کیمپ میں مقیم متاثرینِ سیلاب سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات کیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب متاثرینِ سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑے گی ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کو معیاری کھانا، صاف پانی، ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات بلا تعطل فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے اس موقع پر کہا کہ حکومت ریلیف سرگرمیوں کو تیز کر رہی ہے۔

جانوروں کے لیے چارہ اور ویٹرنری سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ کسانوں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کے معاشی نقصانات کو کم کیا جا سکے۔سپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی وزیر مملکت نے ریلیف کیمپ میں قائم میڈیکل کیمپس، خیموں اور متاثرین کو فراہم کردہ اشیائے خورونوش کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں آپکے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر انتظامیہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکٹروں متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کیمپوں میں پناہ دی گئی ہے اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے عمل کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور تمام متاثرین کو محفوظ مقام اور سہولیات کی فراہمی تک اقدامات جاری رہیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران علی،ڈی پی او محمد عیسیٰ خان سکھیرا ،سابق سینئر وائس چیئرمین ضلع کونسل ملک اعجاز احمد خاں ،ممبر پنجاب بار کونسل ملک ریاض احمد خاں اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے ۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات