محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے زیر اہتمام انڈس یونیورسٹی کراچی میں یوتھ پروجیکٹ پوسٹر ایگزیبیشن کا انعقاد

اتوار 31 اگست 2025 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) محکمہ کھیل و امور نوجوانان کے زیر اہتمام انڈس یونیورسٹی کراچی میں "یوتھ پروجیکٹ پوسٹر ایگزیبیشن"منعقد کی گئی،جس میں نوجوانوں نے کئی نئے اور دلچسپ منصوبے پیش کیے۔اتوار کو ترجمان محکمہ امور نوجوانان سندھ کے مطابق ان منصوبوں میں خودکار کار واش سسٹم، سورج اور ہوا سے بجلی بنانے کا ہائبرڈ سسٹم، ایمبولینس کے لیے پورٹ ایبل پاور اسٹیشن، بجلی بچانے کا نظام، آئی او ٹی کی مدد سے کیڑوں پر قابو پانے کا سسٹم، وہیل چیئر کے لیے برقی ڈرائیو ماڈیول، نابینا افراد کے لیے وائس اسسٹڈ اسمارٹ گلاسز، کھیلوں کے لیے اسپورٹس پلیٹ فارم اور ایونٹس مینجمنٹ کے نظام شامل تھے۔

تقریب کے دوران ایک ورکشاپ بھی رکھی گئی جس میں ڈائریکٹر اورک دائود یونیورسٹی کراچی ڈاکٹر محمد فیصل خان نے نوجوانوں کو اپنے منصوبے بڑے پیمانے پر شروع کرنے کے لیے رہنمائی دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمانِ خصوصی سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان منور علی مہیسر نے طلبہ اور اساتذہ کی کائوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور نئی ایجادات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو نوجوانوں کے یہ پراجیکٹ دیکھنے چاہئیں تاکہ انہیں علم ہو کہ سندھ کے نوجوان بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل ہیں۔انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سندھ حکومت جامعات کے طلبہ کو ان کے منصوبوں کی تکمیل اور فروغ کے لیے بھرپور تعائون فراہم کرے گی تاکہ نوجوان عملی میدان میں کامیابی حاصل کرسکیں۔ تقریب کے اختتام پر سیکریٹری کھیل نے الیکٹرک، سافٹ ویئر، ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس سمیت دیگر منصوبے پیش کرنے والے طلبہ کو بہترین کارکردگی پر ایک لاکھ روپے سے زائدنقد انعامات اور شیلڈزپیش کیں۔

تقریب میں انڈس یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر خالد امین، وائس چانسلر عاصم الرحمان، ڈین ڈاکٹر احمد مدثر اور محکمہ نوجوانان کے افسران سید حبیب اللہ، معیز سومرو اور رضوان ملاح بھی موجود تھے۔