ٌ انڈونیشیا میں عوامی احتجاج رنگ لے آیا، حکومت اراکین پارلیمنٹ کی مراعات کم کرنے پر آمادہ

م*بیرون ملک دوروں سمیت متعدد مراعات ختم کی جائیں گی، صدر پرابوو سوبیانتو کا اعلان

اتوار 31 اگست 2025 19:20

' جکارتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2025ء) انڈونیشیا میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں حکومت بالآخر اراکین پارلیمنٹ کی مراعات کم کرنے پر راضی ہوگئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر پرابوو سوبیانتو نے اعلان کیا کہ سیاسی جماعتوں نے اراکین کے لیے ضرورت سے زیادہ مراعات ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔گزشتہ ہفتے پیر کے روز عوامی احتجاج شروع ہوا جس میں مظاہرین نے اراکین پارلیمنٹ کی غیر معمولی سہولیات اور مراعات کے خلاف مظاہرے کیے۔

جمعرات کو پولیس کی کارروائی کے دوران ایک شہری کے جاں بحق ہونے کے بعد احتجاج مزید شدت اختیار کر گیا۔صدارتی محل میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صدر پرابوو نے کہا کہ پارلیمانی قیادت نے بیرون ملک دوروں سمیت متعدد مراعات ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ فوج اور پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی سہولیات کی تباہی اور لوٹ مار کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

صدر نے مزید کہا کہ کچھ مظاہرین کے اقدامات دہشتگردی اور غداری کی نشاندہی کرتے ہیں، اس لیے ریاستی ادارے قانون کے مطابق ان سے سختی سے نمٹیں گے۔واضح رہے کہ ان احتجاجوں کو پرابوو سوبیانتو کی حکومت کے لیے اب تک کا سب سے بڑا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں اقتدار سنبھالا تھا اور اب ملک میں بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی اور سیاسی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔