حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کے پہلے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے روز کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی ،محمدفاروق،سعدبیگ اور رمیض عزیز کی شاندار سنچریاں

اتوار 31 اگست 2025 21:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کے پہلے راؤنڈ کے میچوں کے تیسرے روز کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فاٹا کے محمد فاروق نے راولپنڈی کے خلاف سنچری اسکور کی جبکہ راولپنڈی کے مبصر خان نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ دوسری اننگز میں راولپنڈی کے یاسر خان نے 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کراچی وائٹس کے بیٹر سعد بیگ نے حیدرآباد کے خلاف زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 26 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 190 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد عثمان 95 رنز ناٹ آؤٹ اور محمد طحہٰ 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈیرہ مراد جمالی کو لاڑکانہ کے خلاف کامیابی کے لیے 476 رنز کا ہدف ملا۔ جواب میں ڈیرہ مراد جمالی نے کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل لاڑکانہ کی دوسری اننگز میں ملہار رسول نے سنچری بنائی جبکہ ثابت علی اور غلام رضا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کراچی بلیوز کے رمیز عزیز نے ملتان کے خلاف سنچری جڑ دی۔ سعود شکیل، عبداللہ فضل اور عمیر بن یوسف نے بھی نصف سنچریاں بنائیں۔ ملتان کے حسن حفیظ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ادھر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں فیصل آباد اور لاہور بلیوز کے درمیان میچ کے تیسرے دن کا کھیل بارش کے باعث ممکن نہ ہو سکا۔ اسی طرح بہاولپور کے ڈرنگ اسٹیڈیم میں کوئٹہ اور آزاد جموں کشمیر کا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا۔