Live Updates

مریم نواز کا دورہ جھنگ؛ کسی اور پارٹی کے امدادی کیمپس و مخالف قائدین کی تصاویر یا بینرز اتارنے کے الزامات

بے حیائی کی حد ہے کہ وزیراعلیٰ کو خوش کرنے کیلئے امدادی کیمپ اکھاڑے جا رہے ہیں، انتظامیہ کو کہوں گا اس طرح کی بیہودہ حرکت نہ کریں، ہم وہاں سلاب زدگان کیلئے ہیں اس سے سیاست کا کوئی تعلق نہیں؛ پی ٹی آئی رہنماء شیخ وقاص اکرم کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 1 ستمبر 2025 14:45

مریم نواز کا دورہ جھنگ؛ کسی اور پارٹی کے امدادی کیمپس و مخالف قائدین ..
جھنگ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 ستمبر 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ جھنگ کے دوران کسی اور پارٹی کے امدادی کیمپس و مخالف قائدین کی تصاویر یا بینرز اتارنے کے الزامات سامنے آگئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ ضلع جھنگ میں این اے 109 کے علاقہ بستی مور والی اور چک کچہ کے درمیان ہمارے لوگوں نے سلاب زدگان کی مدد کے لیے امدادی کیمپ لگایا ہوا تھا جہاں پر پولیس پہنچ گئی اور زبردستی کیمپ اکھاڑنے لگی کیوں کہ اس پر بینرز لگے ہوئے تھے جن پہ تحریک انصاف کا ذکر تھا اور قائدین کی تصاویر تھیں، پولیس نے کہا کہ ’مریم نواز آ رہی ہیں آپ یہاں ان کی تصاویر لگائیں یا کیمپ یہاں سے ہٹائیں‘۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ہمارے نوجوان وہاں ڈٹ گئے انہوں نے انکار کردیا، میں صرف یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کشتیاں بھی ہم نے خود لیں کھانا بھی ہم خود پکوا کر دے رہے ہیں، چارہ بھی ہم اپنی جیب سے لوگوں کو فراہم کر رہے ہیں، اس پر تو انتظامیہ کو اور اس حکومت کو عمران خان کا اور ہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیئے مگر بے حیائی کی حد یہ ہے کہ ایک خاتون وزیراعلیٰ کو خوش کرنے کے لیے امدادی کیمپ اکھاڑے جا رہے ہیں، میں جھنگ انتظامیہ کو کہوں گا کہ اس طرح کی بیہودہ حرکت مت کریں، ہم سلاب زدگان کی مدد کے لیے وہاں پر موجود ہیں اس سے سیاست کا کوئی تعلق نہیں ہے، ایسا نہ ہو کہ لوگ ڈٹ جائیں اور ڈٹ کے کھڑے ہو جائیں اور ایسا حلقہ جس میں دو لاکھ ووٹ عمران خان کے ایم این اے کو پڑا ہے وہاں وزیراعلیٰ کا کھڑا ہونا مشکل ہو جائے۔

(جاری ہے)

شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ مریم نواز صاحبہ یہ ہے آپ کی حکومت کا اصل چہرہ؟ یہ ہے آپ کے ریلیف کی اصل کہانی؟ پوری دنیا میں پاکستانی عوام کی حالت دکھا کر بھیک مانگتے ہیں اور جب پاکستانی خود پاکستانیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو وہ بھی گوارا نہیں، اس قسم کے ہتھکنڈوں سے باز رہیں کیوں کہ آج کے اس دور میں سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک کے دور میں آپ سے بہتر کون جانتا ہے کہ یہ چیزیں چھپی نہیں رہ سکتیں، کوئی آدمی بہت دیر تک پردے میں نہیں رہ سکتا، غریبوں کی مدد کرنے دیں اور اس کی راہ میں رکاوٹ نہ کریں، آپ اپنے کام کریں یہ کام آپ کے ذمے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات