Live Updates

ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے ایک ہزار سے زائد قیدی پنجاب کی دیگر جیلوں میں منتقل

ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی معطل رہا، عوامی اور نجی ٹرانسپورٹ معطل ہونے سے مزدور گھروں میں محصور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 1 ستمبر 2025 15:18

ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے ایک ہزار سے زائد قیدی پنجاب کی دیگر جیلوں میں ..
سیالکوٹ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم ستمبر ۔2025 )ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے ایک ہزار 7 قیدیوں کو سیلابی صورتحال کے باعث پنجاب کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا گیا جبکہ سیالکوٹ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی مکمل طور پر بند رہا . رپورٹ کے مطابق چیف منسٹر ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات کے چیئرمین رانا منان خان نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے 565 قیدی گوجرانوالہ ضلع جیل 274 نارووال ضلع جیل اور 168 حافظ آباد ضلع جیل منتقل کیے گئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ، نارووال اور حافظ آباد جیلوں میں منتقل ہونے والے قیدیوں میں مرد اور خواتین دونوں شامل ہیں، قیدیوں کو موجودہ سیلابی صورتحال سے بچانے کے لیے منتقل کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

دوسری جانب سیالکوٹ کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے قریبی علاقوں کے مزدور اپنے گھروں میں محصور ہو کر کھانے پینے کی ضروریات کےلئے ترس رہے ہیں سیالکوٹ میں شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب نے سڑکوں کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے، جب کہ صنعتوں کی بندش نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے، پسرو، چونڈہ، باڈیانہ، چپراڑ، بجوات اور علاقے کے سیکڑوں دیہات کے ہزاروں مزدور روزگار کمانے سے محروم ہوگئے ہیں .

پسرور سیالکوٹ روڈ پر اسلام سینٹر کے قریب پل گرنے سے ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ بھاگوال روڈ، کشنوالی اسٹاپ، ہیڈ مرالہ روڈ، شیرپور، بجوات اور چپراڑ سیکٹر سمیت دیگر علاقوں کو ملانے والی سڑکیں بھی سیلاب میں بہہ گئی ہیں عوامی اور نجی ٹرانسپورٹ معطل ہونے سے مزدور 6 دن سے گھروں میں محصور ہیں . دریں اثناسیالکوٹ کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن پانچویں روز بھی مکمل طور پر بند رہا ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹم میں کہا گیا کہ رات دس بجے تک فلائٹ آپریشن معطل رہے گا.

ترجمان سیالکوٹ ایئرپورٹ محمد عمیر خان کے مطابق سیلابی پانی کو مشینری اور پمپس کی مدد سے نکالا جارہا ہے اور رن وے سمیت ایئرپورٹ کے کچھ حصوں کو خشک کردیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر نصب تمام تر آلات مکمل محفوظ ہیں اس کے علاوہ ایئرپورٹ ٹرمینل، بلڈنگ، پارکنگ، رن وے سمیت بیشتر تر مرکزی حصہ محفوظ ہے. انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد سیلابی پانی کا اخراج مکمل ہو جائے گا ترجمان کے مطابق سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روزانہ دس سے گیارہ بین الاقومی پروازیں اڑان بھرتی ہیں لیکن سیلاب کے باعث گذشتہ پانچ دنوں سے لگ بھگ پچاس سے زیادہ پروازوں کی آمدورفت معطل ہوئی ہے. 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات