سوتیلی بیٹی سے زیادتی کے ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد

پیر 1 ستمبر 2025 23:06

سوتیلی بیٹی سے زیادتی کے ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سوتیلی بیٹی سے زیادتی کے ملزم محمد ریاض کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ جسٹس طارق محمود باجوہ نے درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ملزم محمد ریاض کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ نانی کے بیان پر درج کیا گیا جبکہ متاثرہ لڑکی کی والدہ نے کسی قسم کا الزام نہیں لگایا۔

وکیل نے موقف اپنایا کہ لڑکی سے کوئی زیادتی نہیں ہوئی اور ڈی این اے رپورٹ میں بھی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا کہ مقدمہ ایک سال کی تاخیر سے درج ہوا جبکہ ملزم 11ماہ سے بے گناہ جیل میں قید ہے۔سرکاری وکیل نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ پولیس تفتیش اور میڈیکل رپورٹ میں ملزم قصوروار پایا گیا ہے۔ متاثرہ لڑکی نے بھی اپنے بیان میں واضح الزام عائد کیا ہے کہ اس کے سوتیلے والد نے زیادتی کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ سیشن کورٹ لاہور پہلے ہی میرٹ پر ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ اس مرحلے پر ملزم کو ضمانت نہیں دی جا سکتی اور یوں محمد ریاض کی درخواست ضمانت خارج کر دی گئی۔