پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بے حد اہمیت دیتا ہے.اورنگزیب رمدے

ہم مل کر نئی راہیں کھول سکتے ہیں جو ہماری معیشت کو مستحکم اور مالی تعاون کو مزید گہرا کریں گی. وفاقی وزیر خزا کی بیجنگ میں ہونگتا سیکورٹیز کے چیئرمین جِنگ فینگ سے ملاقات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 1 ستمبر 2025 16:22

پاکستان چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بے حد اہمیت دیتا ..
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم ستمبر ۔2025 )وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر پرعزم ہے اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بے حد اہمیت دیتا ہے ہم مل کر نئی راہیں کھول سکتے ہیں جو ہماری معیشت کو مستحکم اور مالی تعاون کو مزید گہرا کریں گی.

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے پیر کو بیجنگ میں ہونگتا سیکورٹیز کے چیئرمین جِنگ فینگ سے ملاقات کی جس کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی حالیہ معاشی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پائیدار اور شمولیتی اقتصادی ترقی کے حصول کے لئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا. سینیٹر اورنگزیب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیز پاکستان کی معاشی صورتحال پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار کر رہی ہیں انہوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، جس میں موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ Caa2 سے بڑھا کر Caa1 مستحکم آﺅٹ لک ، فچ نے CCC+ سے B- مستحکم آﺅٹ لک ، اور اسٹینڈرڈ اینڈ پورز (ایس اینڈ پی)نے بھی CCC+ سے B- مستحکم آﺅٹ لک تک اپ گریڈ کیا ہے.

ملاقات میں دونوں فریقین نے کیپیٹل مارکیٹس میں تعاون کے فروغ اور پاکستان و چین کے مالیاتی شعبے کے روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنے مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے اور عالمی و چینی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط کو مزید گہرا کرنے پر کام کر رہا ہے. سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر پرعزم ہے اور چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو بے حد اہمیت دیتا ہے ہم مل کر نئی راہیں کھول سکتے ہیں جو ہماری معیشت کو مستحکم اور مالی تعاون کو مزید گہرا کریں گی.