ایچ ای سی نے فعال ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگرامز کی فہرست جاری کر دی

پیر 1 ستمبر 2025 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی جامعات میں جاری فعال ایم ایس/ایم فل (سطح 7) اور پی ایچ ڈی (سطح 8) پروگرامز کی تازہ ترین فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہے۔ یہ فہرست ویب لنک https://www.hec.gov.pk/site/MS-MPhil-PhD پر دستیاب ہے۔ ایچ ای سی کے مطابق حال ہی میں پاکستان کوالیفکیشن رجسٹر (پی کیو آر ) سے متعلق ملک بھر کی جامعات کے فوکل پرسنز کے لئے تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔

ان سیشنز کا مقصد جامعات میں چلنے والے پروگرامز کی درست اور مکمل معلومات کو یقینی بنانا تھا تاکہ ڈگری کی تصدیق اور دیگر متعلقہ امور میں شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔ ایچ ای سی نے جامعات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام پروگرامز کی تفصیلات پاکستان کوالیفکیشن رجسٹر میں درج کریں اور ان کی متعلقہ قانونی اداروں سے منظوری بھی حاصل کریں۔

(جاری ہے)

تربیتی سیشنز کے بعد جامعات نے اپنے پروگرامز کی تصدیق کی جس کے بعد فعال پروگرامز کی فہرست عوام کے لئے جاری کر دی گئی ہے۔

ایچ ای سی نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی پروگرام میں داخلہ لینے سے قبل پی کیو آر لسٹ اور این او سی جاری شدہ فہرست کا بغور مطالعہ کریں تاکہ وہ صرف ان پروگرامز میں داخلہ لیں جو ایچ ای سی سے منظور شدہ اور فعال ہیں، کسی غیر منظور شدہ پروگرام میں داخلہ لینے کی صورت میں ڈگری کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکے گی۔پی کیو آر ایچ ای سی کا باضابطہ رجسٹر ہے جو ملک بھر کی جامعات میں پیش کئے جانے والے تعلیمی پروگرامز کی موجودہ حیثیت (فعال، معطل یا بند) ظاہر کرتا ہے، یہ نہ صرف طلباء بلکہ جامعات، آجر اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے لئے فیصلے کرنے میں معاون ہے بلکہ اعلیٰ تعلیم کے نظام پر اعتماد بھی بڑھاتا ہے۔