Live Updates

آنے والا دور بلاشبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے، شفقت ایاز

پیر 1 ستمبر 2025 19:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ آنے والا دور بلاشبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اور جس قوم نے ٹیکنالوجی میں مہارت اور جدت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا وہی قومیں دنیا کی قیادت کرے گی۔ محکمہ سائنس ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا تر جمان کی جانب سے جاری شدہ بیان کے مطابق شفقت ایاز نے کہا کہ آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے اپنی معیشت کو ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کر کے اپنی پوزیشن کو مستحکم کر لیا ہے اور اب یہ وقت ہے کہ پاکستان اور خصوصاً خیبرپختونخوا بھی اس سمت میں مضبوط اقدامات اٹھائے۔

ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی قیادت میں صوبائی حکومت ’’ڈیجیٹل KP وژن‘‘پر عملدرآمد کے لیے بھرپور منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس وژن کے تحت صوبے کے ہر ضلع میں جدید آئی ٹی ٹریننگ سینٹرز، انوویشن ہبز، سٹارٹ اپ انکیوبیشن سینٹرز اور سمارٹ ڈجیٹل سروسز متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ نوجوانوں کو وقت کے تقاضوں کے مطابق مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے نوجوان ٹیلنٹ اور ذہانت میں کسی سے کم نہیں، صرف ان کی رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ فری لانسنگ، ای۔کامرس، مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence)، سائبر سکیورٹی اور بگ ڈیٹا کے شعبے مستقبل کے معاشی انقلاب کی بنیاد ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ محض نوکری کی انتظار میں وقت ضائع کرنے کے بجائے ان شعبوں میں مہارت حاصل کریں تاکہ نہ صرف وہ اپنی روزی روٹی کما سکیں بلکہ ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کے لیے ایسے پلیٹ فارمز بنا رہی ہے جہاں وہ اپنے آئیڈیاز کو عملی شکل دے سکیں۔ صوبے کے تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کو بھی آئی ٹی کے نصاب میں بہتری لانے اور نئی ٹیکنالوجیز کو شامل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ نوجوان فارغ التحصیل ہوتے ہی عالمی مارکیٹ کے لیے تیار ہوں۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے واضح کیا کہ عمران خان کی وژنری قیادت ہمیشہ نوجوانوں پر اعتماد اور انہیں مواقع دینے پر زور دیتی رہی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت آئی ٹی کے شعبے کو خصوصی ترجیح دے رہی ہے تاکہ صوبے کے نوجوان ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا سکیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے نوجوان پاکستان کے سب سے بڑے فری لانسرز اور آئی ٹی پروفیشنلز کے طور پر ابھریں گے۔ اس سفر میں حکومت مکمل طور پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات