حنیف محمد ٹرافی ،لاڑکانہ کی ڈیرہ مراد جمالی کو 274 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی

پیر 1 ستمبر 2025 19:27

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) پاکستا ن کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں منعقدہ حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں لاڑکانہ نے ڈیرہ مراد جمالی کو 274 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔ ڈیرہ مراد جمالی کی ٹیم 476 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 201 رنز بنا سکی۔ زاہد محمود نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

کراچی وائٹس اور حیدرآباد کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا تاہم کراچی وائٹس کے بیٹر محمد عثمان رحیم نمایاں کارکردگی کے ساتھ چھائے رہے۔ انہوں نے 27 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی اور 245 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ فاٹا اور راولپنڈی کے درمیان مقابلہ بھی نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا اور میچ ڈرا پر ختم ہوا۔

(جاری ہے)

فاٹا کی دوسری اننگز میں محمد فاروق نے نصف سنچری اسکور کی۔

کراچی بلیوز اور ملتان کا میچ بھی ہار جیت کے بغیر ختم ہوا۔ ملتان کی دوسری اننگز میں عمران رفیق اور شرون سراج نے ناقابل شکست سنچریاں اسکور کیں جبکہ زین عباس نے نصف سنچری بنائی۔ لاہور بلیوز اور فیصل آباد کا میچ بھی بغیر نتیجے کے ختم ہوا۔ لاہور بلیوز کے محمد سلیم 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ اسی طرح کوئٹہ اور آزاد جموں و کشمیر کے درمیان میچ بھی ڈرا پر اختتام پذیر ہوا۔