Live Updates

پورا ملک سیلاب زدہ ہو چکا ہے لوگوں کے گھروں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا، نصرللہ خان ناصر

پیر 1 ستمبر 2025 19:27

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر نصرللہ خان ناصرنے کہا ہے کہ پورا ملک سیلاب زدہ ہو چکا ہے لوگوں کے گھروں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا،مال مویشیوں سمیت لوگوں کا مال بھی سیلاب کی نذرہو گیا اور بستی کی بستیاں اجڑ گئیں اور سیلاب زدگان آج بھی مدد کے لئے ترس رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بڑے دریاوں سے پانی کناروں سے نکل کر آبادیوں میں داخل ہو رہا ہے جس سے سینکڑوں بستیاں ڈوب گئی ہیں اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آنے سے زیر کاشت فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، سیلاب سے اب تک لاکھوںافراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اربوں روپے کے انفرسٹکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

انہوںنے کہا کہ سیلاب سے تباہ کاریاں جاری نئے ڈیم بنا کر ہی ہم بھارتی آبی دہشتگردی کا مقابلہ کر سکتے ہیںاس کے لئے ضروری ہے کہ شہباز حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زیر تعمیر ڈیمز کے ساتھ ساتھ نئے چھوٹے بڑے آبی ذخائر تعمیر کرے،مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں حکومت سازی کے لئے اکھٹے ہو سکتے ہیں تو اس قومی مفاد کے لئے کیوں نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

نصرللہ ناصر نے مذید کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں شب و روز کام کر رہی ہے سب کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچانا ہے۔ بد قسمتی سے حکومت موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر شور مچانے، امداد اکٹھی کرنے کے علاوہ کوئی کام نہیں کر رہی، موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لئے حکومتی اقدامات آٹے میں نمک کے برابر ہیں، موثر تیاری سے ہی قدرتی آفات کے نقصانات سے بچ سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات