فیصل آباد، ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن

اسلام نگر جیل روڈ اور علامہ اقبال کالونی میں تجاوزات میں ملوث 28دکانداروں کے خلاف چالان

پیر 1 ستمبر 2025 22:25

= فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2025ء)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کو باقاعدگی سے چیک کیاجا رہا ہے اس سلسلے میں گزشتہ ایک ہفتہ میں انسپکشن کے دوران اسلام نگر جیل روڈ اور علامہ اقبال کالونی میں تجاوزات میں ملوث اٹھائیس دکانداروں کے خلاف چالان کئے گئے ہیں جن پر کارروائی کے لئے سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں انسپکٹر محمد اسلم انصاری و دیگر سٹاف پر مشتمل ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں تجاوزات کوچیک کیا تو جیل روڈ پر اسلام نگر کے مختلف بازاروں میں گیارہ دکانداروں اور علامہ اقبال کالونی میں سترہ دکانداروں نے سٹرکوں، سرکاری جگہوں اور عوامی گزر گاہوں پر کاروباری سامان رکھ کرحدود سے تجاوز کیا ہوا تھا جن کے خلاف چالان کرکے سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کوبھیج دیئے گئے۔

(جاری ہے)

ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ دکاندار اپنی حدود میں کاروبار کریں اورسٹرکوں، راستوں اور سرکاری جگہوں پر کاروباری سامان رکھ کرعوام اور ٹریفک کے لئے مشکلات پیدا نہ کریں بصورت دیگر باز نہ آنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرائے جائیں گی