افغانستان میں زلزلے سے جانی ومالی نقصانات

گورنرخیبرپختونخوکاافغان قونصل جنرل کوٹیلی فون،نقصان پر گہرے دکھ اورافسوس

منگل 2 ستمبر 2025 03:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں متعین افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے مشرقی افغانستان میں آنے والے شدید زلزلے سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے افغان قونصل جنرل سے افغانستان میں ہولناک زلزلے کے نتیجے میں سینکڑوں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنی اور خیبر پختونخوا کے عوام کیجانب سے تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا، گورنر خیبرپختونخوا نے افغان قونصل جنرل کو اپنی اور صوبہ کے عوام کی جانب سے زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن امداد کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے شدید زلزلہ سے ہونیوالی اموات پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے بھی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مشکل وقت اور دکھ کی اس گھڑی میں ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام افغان حکومت اور افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔