غلطیوں سے پاک گوشوارہ یکم جولائی کو پورٹل پرموجود ہونا چاہیے ‘ زاہد عتیق چودھری

منگل 2 ستمبر 2025 12:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر کے سینئر نائب صدر زاہد عتیق چودھری نے کہا ہے حکومت کو ملکی غیر ملکی قرضوں اور ٹیکس اہداف کاکچھ حصہ مستقل طور پر ناگہانی آفات کی روک تھام کے لئے مختص کرنا چاہیے ،89340ہزار روپے قرضوں کا حجم جی ڈی پی کے 78فیصد تک پہنچنا لمحہ فکریہ ہے۔وہ ٹیکس بارز کے ممبران سے گفتگو کر رہے تھے اس موقع پر فاروق مجید،عاشق علی رانا،طاہر بشیر مغل،صولت ستار ملک،سید عرفان حیدر شاہ اوردیگر بھی موجود تھے۔

زاہد عتیق چودھری نے کہا کہ ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے اب تک صرف خوف و ہراس اور مہم جوئی سے کام لیا گیا ہے ، اب حکوت اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اس اقدام کو سر انجام دے تو مثبت نتائج نکلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانا قومی فریضہ ہے جو ضرور جمع کرانا چاہیے مگر انکم ٹیکس ریٹرن خامیوں سے بھرپورہے جسے آسان اور سادہ ہونا چاہئے۔

اسے اتنا مشکل بنا دیا گیا ہے جسے شاید اعلی افسران بھی فائل نہ کر سکیں،غلطیوں سے پاک گوشوارہ اگر یکم جولائی کو پورٹل پر موجود ہوتو 30ستمبر آخری تاریخ ریٹرن فائل کی بنتی ہے مگر ستمبر آگیا اور گوشوراے میں آج بھی غلطیاں موجود ہیں جنہیںدور کرنے کی ضرورت ہے۔ٹیکسیشن کا پہلا اصول ریٹرن فارم ہے اگر وہ درست اور غلطیوں سے پاک اور سادہ آسان ہوگا تو ٹیکس نظام میں بہتری کی پہلی سیڑھی کامیاب ہوگی۔