Live Updates

سیلاب سے اربوں روپے کا نقصان ہچکولے کھاتی معیشت کیلئے بڑا دھچکا ہے ‘ مدثرمسعود چوہدری

منگل 2 ستمبر 2025 12:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے سینئر وائس چیئرمین و سابقہ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مدثر مسعود چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت مالی معاونت کے ساتھ سیلاب متاثرہ علاقوں میں یوٹیلٹی بلز اور ہر طرح کے ٹیکسز معاف کرنے کا اعلان کرے ، تباہی کے اصل اعدادوشمار آنے والے مہینوں میں سامنے آئیں گے اور ہماری معیشت اس کا بوجھ برداشت نہیں کر سکے گی ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بد ترین سیلاب سے سٹرکچر ،فصلوں ، لائیو سٹاک کا اربوں روپے کا نقصان ہوا ہے جو پہلے سے ہچکولے کھاتی معیشت کے لئے بڑا دھچکا ہے ، حکومت فی الفور عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک سے رابطے کرے ، مقامی سطح پر بھی کارپوریٹ سیکٹر اور بڑے کاروباری افراد کو اس جانب راغب کیا جائے کہ وہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے اپنا حصہ ڈالیں ،ایوانوں میں بھی وسائل رکھنے والے لوگ بیٹھے ہیں انہیں بھی اس کے لئے متحرک کیا جائے کیونکہ حکومت قیادت کرے گی تو اتنی بڑی تباہی سے نمٹنا ممکن ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت آنے والے سالوں میں اس طرح کی تباہی سے بچنے کے لئے آج سے عملی اقدامات کا آغاز کرے کیونکہ آئندہ سیزن میں 30فیصد زیادہ مون سون برسنے کی پیشگوئی کر دی گئی ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات