ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے الزامات کا دوسرا رخ بے نقاب، نئی ویڈیو وائرل ہوگئی

انفلوائنسر نے اپنے گھر کی سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کرتے ہوئے زبردستی اغواء کے الزامات عائد کیے تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 ستمبر 2025 14:15

ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے الزامات کا دوسرا رخ بے نقاب، نئی ویڈیو وائرل ہوگئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2025ء ) ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کے الزامات کا دوسرا رخ بے نقاب ہوگیا اور اس حوالے سے نئی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق انفلوئنسر سامعہ حجاب نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بھی اسی نوعیت کی دھمکیوں اور ہراسانی کا سامنا ہے جن کا شکار ان کی دوست مقتولہ ثناء یوسف رہی تھی، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں سارا واقعہ بیان کرتے ہوئے معروف ٹک ٹاکر نے اپنے گھر کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شیئر کی، اس کے علاوہ ان کی جانب سے مبینہ ملزم کی تصویر بھی جاری کی گئی جس پر انہوں نے زبردستی اغواء کے الزامات عائد کیے تھے۔

مقتولہ ثناء یوسف کی دوست سامعیہ حجاب کا کہنا تھا کہ لاہور کا رہائشی حسن زاہد نامی شخص کئی دنوں سے میرا پیچھا کر رہا ہے، یہ شخص ناصرف مجھے ہراساں کرتا رہا ہے بلکہ ایک موقع پر یہ میرے گھرآیا اور زبردستی مجھے اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گیا، میں اس معاملے پر خاموش نہیں رہنا چاہتی کیوں کہ میں نہیں چاہتی میرا انجام بھی ثناء یوسف جیسا ہو اس لیے میں نے اس شخص کے خلاف اسلام آباد پولیس میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے اور میرا حکام سے مطالبہ ہے مجھے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزم کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

سامعہ حجاب کے الزامات کے بعد اب اس واقعے کا ایک نیا رخ بھی سامنے آیا ہے اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ٹک ٹاکر کو متعدد مواقعوں پر مبینہ طور پر اسی لڑکے کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے جس پر سامعہ حجاب کی جانب سے زبردستی اغواء کیے جانے کے الزامات عائد کیے گئے۔