Live Updates

ڈیم ناگزیر ،تمام صوبوں کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا ‘ عظمیٰ بخاری

منگل 2 ستمبر 2025 18:12

ڈیم ناگزیر ،تمام صوبوں کو بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا ‘ عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تمام صوبوں کو ڈیم کے معاملے پر بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہوگا کیونکہ ڈیم ناگزیر ہیں،بھارت کا باکڑہ ڈیم 95فیصد بھر چکا ہے، اگر پانی چھوڑا گیا تو یہ پانی پنجاب آئے گا،موجودہ حالات میں سیاست سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے ساتھ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے،پنجاب میں سیلاب کی مجموعی صورتحال قدرے بہتر ہے، انتظامیہ کی کارروائیوں سے حالات کنٹرول میں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فی الحال پنجاب میں ریلیف آپریشن کے سوا کوئی اور کام نہیں ہو رہا، حکومت کی اولین ترجیح متاثرین کو دوبارہ ان کے گھروں میں بسانا ہے اس کے بعد ہی دیگر کاموں پر توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہیلپ لائن پر رابطہ کرتے ہیں انہیں فوراً ریسپانس دیا جا رہا ہے، 30لوگ ایک جگہ پھنسے تھے، جنہیں ریسکیو کر لیا گیا۔

بہاولپور میں 2بچے پانی میں ڈوب رہے تھے ان کو ریسکیو کر لیا گیا۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ ایک پارٹی کو پروا نہیں کہ پنجاب میں لوگ ڈوب گئے ہیں۔ اگر کھانا حفظان صحت کے مطابق لوگوں کو پہنچایا گیا تو اس پر بھی سیاست۔ لوگ دیکھ رہے ہیں کہ کون ان کے لیے کام کر رہا ہے، کون فساد پھیلا رہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک ایک شخص کو گھر میں بسانے تک ریلیف آپریشن جاری رہے گا، وزیر اعلی پنجاب جگہ جگہ جا کر سیلاب متاثرین کے ریلیف کیمپ کا جائزہ لے رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں حکومت کی طرف سے کوئی خیمہ بستی نہیں ہے، 20اسکولوں میں سرکاری ریلیف کیمپ لگائے گئے ہیں، کئی ریلیف کیمپوں میں جنریٹر بھی مہیا کیے جا رہے ہیں تاکہ بجلی کا مسئلہ نہ بنے، سیلاب کی صورتحال میں کسی کو اکیلا نہیں چھوڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 41ہوگئی ہے، سیلاب سے 3245موضع جات متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے ساڑھے 24لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

7لاکھ 8ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ دبائو تریموں ہیڈ ورکس پر ہے جہاں پانی کی سطح بلند ہے تاہم دیگر تمام مقامات پر پانی نیچے کی جانب جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہو چکا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی جاری ہے اور یہی صورتحال دونوں جانب ایک ڈبل چیلنج کی شکل اختیار کر چکی ہے۔

وزیراعلی مریم نواز نے خود تریموں کا دورہ کیا جہاں انہیں حالات پر بریفنگ دی گئی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر محکمہ صحت اور دیگر ادارے الرٹ ہیں، متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد کو فوری طور پر ریسکیو بھی کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہیڈ محمد والا پر صورتحال نازک ہے جہاں ممکنہ خطرے کے پیش نظر ٹریفک بند کر دی گئی ہے اور بریچ کرنے کے امکانات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے، بھارت کا باکڑہ ڈیم 95فیصد بھر چکا ہے، اگر پانی چھوڑا گیا تو یہ پانی پنجاب آئے گا،موجودہ حالات میں سیاست سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کے ساتھ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ تمام صوبے اپنی ذمہ داری کا احساس کر رہے ہیں، پہلی بار وزیراعلی خیبرپختونخوا امین گنڈاپور کی جانب سے ڈیمز کے حوالے سے مثبت بات سننے کو ملی، جو خوش آئند ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچانے کیلئے ڈیمز کی تعمیر پر سنجیدگی سے فیصلے کرنے ہوں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات