صدر پاکستان کے سرکاری پورٹریٹ سے قائداعظم کی تصویر غائب

آخر اس حکومت کو قائداعظم محمد علی جناح سے کیا بغض ہے؟ سوشل میڈیا صارفین کا شدید ردعمل

Sajid Ali ساجد علی منگل 2 ستمبر 2025 14:56

صدر پاکستان کے سرکاری پورٹریٹ سے قائداعظم کی تصویر غائب
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 ستمبر 2025ء ) صدر پاکستان کے سرکاری پورٹریٹ سے بانی پاکستان قائداعظم کی تصویر غائب کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق صحافی رضی طاہر کی جانب سے اس معاملے کی نشاندہی کی گئی، جس کے لیے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سرکاری ویب سائٹ کا سکرین شاٹ شیئر کیا، جس کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ صدر پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ پر، صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سرکاری پورٹریٹ میں قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر غائب کردی گئی۔

سوشل میڈیا صارفین کے علم میں آتے ہی یہ معاملہ فوری طور پر زیر بحث آگیا اور اینکرپرسن ملیحہ ہاشمی نے اس حوالے سے کہا کہ آخر اس حکومت کو قائداعظم محمد علی جناح سے کیا بغض ہے؟ کبھی ان کے نام پر گندی سیاست کر کے بےگناہ لوگوں کو گرفتار کرتے ہیں،کبھی ان کی تصویر لے کر سڑک پر آنے والوں کو ہتھکڑياں لگاتے ہیں اور اب حد یہ ہے کہ قائداعظم کی تصویر ہی غائب کردی جو شرم کا مقام ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء عالیہ حمزہ نے اس پر تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ یہ مائنس قائداعظم کیوں کرنا چاہتے ہیں؟
ایک صارف نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ قائد اعظم اگر آج زندہ ہوتے تو وہ بھی غائب ہو جاتے یہ تصویر کیا چیز ہے۔
اسی طرح سید ذیشان علی ہاشمی طنزً کہتے ہیں کہ تو کیا فرق پڑتا ہے ہے کون سا قائد اعظم والا پاکستان ہے اور نہ ہی علامہ اقبال کی تعبیر والا پاکستان ہے، اچھا کیا ہٹادی۔