سید علی گیلانی کشمیری عوام کی استقامت اور قربانی کی علامت ہیں، لیاقت بلوچ

منگل 2 ستمبر 2025 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کشمیری عوام کے لیے آزادی اور حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں استقامت، قربانی اور اصول پسندی کی روشن علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی تحریکِ آزادی کشمیر کے سدا بہار قائد ہیں جنہوں نے ہر دور میں ظلم و جبر کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے کی مثال قائم کی۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ کے مطابق کشمیری قیادت کو چاہئے کہ وہ گیلانی کے جذبہ استقامت اور اصولی جدوجہد کو مشعلِ راہ بنائے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ زندہ اور بیدار قومیں آزمائش کے دور میں بنیانِ مرصوص بن جایا کرتی ہیں، اور کشمیری عوام بھی اتحاد اور استقامت کے ساتھ آزادی کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔بھارت کی جانب سے آبی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی آبی دہشت گردی پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اٹھائے اور قومی سطح پر اس کے تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔