تحریک آزادی کشمیرکے رہنما سید علی گیلانی کی چوتھی برسی

منگل 2 ستمبر 2025 22:04

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء)تحریک آزادی کشمیرکے رہنما سید علی گیلانی کی چوتھی برسی پرالمرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں ہونے والی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے ان کی طویل اور استقامت سے لبریز جدوجہد آزادی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیدعلی گیلانی آزادی کا مینارہ تھے۔

انہوںنے لمبا عرصہ بھارت کی قید میں گزارا لیکن اپنے اصولوں اور مشن پر سمجھوتہ نہیں کیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری یاسراقبال کھارا، نائب امیرمیاںانوارالحق ایڈووکیٹ،صدراسلامک لائرزمومنٹ محمداحمدکھاراایڈووکیٹ،سیکرٹری پبلک ایڈکمیٹی حافظ محمد شاہد ایڈووکیٹ،میاں اعجاز و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

محبوب الزماںبٹ نے کہاکہ سیدعلی گیلانی آزادی کے علمبردار، نڈر اور بے باک راہنماتھے، بھارت کے ظلم وجبر کے سامنے ڈٹ جانے کی جو شمع علی گیلانی نے کشمیر کے باسیوں کے دلوں میں جلا دی ہے وہ کبھی نہیں بجھے گی، اس کی روشنی ایک چراغ سے دوسرے چراغ میں منتقل اور وادی کو اپنے نور سے مزین کرتی رہے گی۔

انہوںنے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی جان کی قربانی دے کر بھارت کے ظلم و جبر کا چہرہ دنیا کو دکھایا، دنیا کی تمام حریت تحریکوں کے لیے سید علی گیلانی کی جد وجہد رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے، وہ اپنی پوری زندگی جہاد کشمیر کے لیے وقف کرنے والے ایک ایسے رہنما تھے جنہیں عزم و استقلال کا کوہِ گراں اور بھارت کے خلاف مزاحمت کا استعارہ کہا جاتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ سیدعلی گیلانی کی سوچ کو آنے والے دنوں میں مزید تقویت ملے گی، ان کی جلائی ہوئی شمع جلتی رہے گی ، کشمیر آزاد ہوگا ، پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری کبھی بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے ، کشمیر بھارت کے جبر سے آزاد ہو گا اور پاکستان کا حصہ بنے گا، علی گیلانی پاکستانی تھے اور پاکستان ان کا تھا۔ ہر پاکستانی کا دل کشمیریوں کے لیے دھڑکتا ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جو جلد مکمل ہو گا۔ اللہ تعالیٰ ان کی قبر کو روشن اور کشمیریوں کی مدد فرمائے۔