Live Updates

پنجاب کے مختلف اضلاع میں سیلابی صورتحال: پنجاب پولیس ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی تازہ ترین اپ ڈیٹ

منگل 2 ستمبر 2025 19:25

H لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب پولیس کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پولیس ہائی الرٹ ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک پنجاب پولیس کی جانب سے ریسکیو کیے گئے افراد کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں 1 لاکھ 4 ہزار سے زائد مرد، 76 ہزار 426 خواتین جبکہ 77 ہزار 107 بچے شامل ہیں۔

مزید برآں شہریوں کے کروڑوں روپے مالیت کے 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ریلیف کیمپوں میں پناہ گزین متاثرہ افراد کو بھرپور سکیورٹی، خوراک اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ریلیف آپریشن کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس کے 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار، 700 سے زائد وہیکلز اور 40 بوٹس ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات