انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا نے عوام کے مسائل کے حل اور سہولت کے لئے چار نئی ایپس کا افتتاح کر دیا

منگل 2 ستمبر 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب میں عوام اور پولیس کے مابین فاصلے کم کرنے اور عوام کے مسائل کے حل اور سہولت کے لئے چار نئی ایپس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔پولیس تر جمان کے مطابق اس موقع پربریفنگ دیتے ہوئے ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی رائے اعجاز احمد نے کہا کہ نئی تیار شدہ ایپس کے قیام کا بنیادی مقصدپولیس میں جدیدیت کا فروغ ہے جو دور حاضر کی ایک اہم ضرورت ہے ۔

سی آر او ایپ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سی آر او ایپ میں جرائم پیشہ افراد کا مکمل ریکارڈ مرتب ہوگا تاکہ پولیس کے پاس مجرمان کی تفصیلی معلومات محفوظ رہ سکیں، ریکارڈ تک فوری رسائی اورپولیس افسران کے لئے کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی مطلوبہ شخص یا کیس کا ریکارڈ دیکھنا ممکن ہو سکے گا، تفتیشی عمل میں شفافیت اور گرفتاری کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کیسز کے حل اور تفتیشی مراحل کو بہتر اور موثر بنانے، مجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی، مجرمان کی سابقہ سرگرمیوں اور ریکارڈ کے ذریعے نئے جرائم سے ان کا تعلق جوڑنے میں سہولت ہوگی جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی استعداد کار میں اضافہ، پولیس نظام کو ڈیجیٹل اور جدید خطوط پر استوار کرنا، مجرموں کے فنگر پرنٹس، تصاویر اور سابقہ ریکارڈ کے ذریعے شناخت کا عمل آسان ہو کر صوبے اور ملک بھر کے ریکارڈ کو آپس میں جوڑ کر مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

پولیس سہولت مرکز کے ذریعے عوام کو سہولت مرکز کی تمام خدمات جن میں کیریکٹر سرٹیفکیٹ ، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹس ،گمشدہ اشیاءکی رپورٹ ،معاہدہ کرایہ داری کی فراہمی و وصولی، لائسنس اورلرنر پرمٹ کا آن لائن حصول،گاڑیوں کی ویری فکیشن وغیرہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔چیف ٹریفک پولیس آفیسر ہارون رشید نے رابطہ ایپ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رابطہ ایپ کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فوری اور موثر رابطے کو یقینی بنانا،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی شکایات اور مسائل کا حل آسان بنانا ہے۔

افتتاح کے موقع پرانسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں عوام کے اطمینان اور جمہوری معاشرے کی ضروریات کے پیش نظر خوشگوار ماحول میں بہتر پولیس خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی پی نے مزید کہا کہ محکمہ پولیس عوام دوست پولیسنگ اور عوام کی خدمات پر مبنی پولیسنگ کی فروغ کے لیے نئے آئیڈیاز متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ان نئی ایپس کا اجراءمحکمہ پولیس سے متعلق عام شہریوں کو ان کے روزمرہ معمولات اور پولیس کو ادائیگی کے دوران درپیش مشکلات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔