کچہری روڈ، صدرمیں 66 انچ کی سیوریج لائن کی تنصیب کا کام مکمل

منگل 2 ستمبر 2025 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کے بروقت اقدام کے نتیجے میں 66 انچ کی مرکزی سیوریج لائن کی تنصیب کا اہم منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔ اس سیوریج لائن کے متاثر ہونے کے باعث پاکستان چوک، اردو بازار، برتن بازار، شاہراہِ لیاقت اور اطراف کے علاقے بری طرح متاثر تھے۔منصوبے کی براہِ راست نگرانی چیئرمین یونین کمیٹی نمبر 8 صدر ٹان، محمد سلمان خان نے خود کی تاکہ شہریوں کو مزید پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

اب 66 انچ کی لائن کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

منصوبہ اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب کی خصوصی ہدایت پر سڑک کی مرمت کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سڑک پر گھیڑا ڈال کر لولنگ کا کام جاری ہے، جس کے بعد سڑک عوام کے لئے کھول دی جائے گی اور عنقریب روڈ کارپیٹنگ کا کام بھی شروع کر دیا جائے گا۔اس موقع پر کے ایم سی بی اینڈ آر ساتھ کے انجینئر عمران سولنگی، خالد شاہ اور دیگر عملہ بھی موجود ، جو اپنی نگرانی میں کام کروا رہے ہیں۔چیئرمین یونین کمیٹی نمبر 8، محمد سلمان خان نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایم ڈی اور سی ای او کے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔