پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ قدیمی تعلقات ہیں،چیئرپرسن پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ و ایم پی اے فریال تالپور

پاک ترکیہ تعلقات میں حسن علی آفندی کا کردار قابل تعریف ہے، قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو کے اعزاز میں پروقار الوداعی ظہرانے کا اہتمام

منگل 2 ستمبر 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو کے اعزاز میں پروقار الوداعی ظہرانے کی تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی چیئرپرسن اور ایم پی اے فریال تالپور نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے اراکین گورننگ باڈی کے ہمراہ مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پاک۔ترک ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے، تعاون اور مشترکہ ورثے پر گہری وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پاک ترکیہ کے تاریخی رشتے کی اہمیت کو واضح کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی چیئرپرسن اور ایم پی اے فریال تالپور نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے ترکیہ کے ساتھ قدیمی تعلقات ہیں ، ان کے پر دادا حسن علی آفندی سندھ میں ترکیہ کے پہلے قونصل جنرل تھے انہوں نے 1885میں سندھ مدرستہ الاسلام کی بنیاد رکھی جو جدید دور کے کراچی میں واقع ہے۔

(جاری ہے)

فریال تالپور نے جمال سانگو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ قونصل جنرل جمال سانگو نے سندھ اور ترکیہ تعلقات پر حسن علی آفندی کے کردار کی تعریف کی، انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی چیئرپرسن فریال تالپور اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کا ترکیہ اور پاکستان کے تاریخی تعلقات قائم رکھنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

آخر میں چیئرپرسن پی پی پی خواتین ونگ و ایم پی اے فریال تالپور نے کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو کو مرزا قلیچ بیگ کی کتاب خان بہادر حسن علی آفندی اور گلدستہ پیش کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ، صدر پی پی پی کراچی ڈویژن و صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی،صوبائی وزیر داخلہ ضیاالحسن لنجار، میئر کراچی مرتضی وہاب، سینئر رہنما نثار کھوڑو، منور سعید، نورالہدی شاہ، غازی صلاح الدین،صحافی مظہر عباس، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، قاسم سومرو،مختلف ممالک کے قونصل جنرل سمیت اہم شخصیات بھی اس موقع پر شریک تھیں۔