پی ٹی آئی وومن ونگ بنوں کی سابقہ صدر نادیہ خان کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت

خواتین کا پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنا ہماری پارٹی قیادت اور پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی ہے،ندیم افضل چن

منگل 2 ستمبر 2025 21:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)بنوں ڈسٹرکٹ کی وومن ونگ پی ٹی آئی کی سابقہ صدر اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی سابقہ رکن نادیہ خان نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ نادیہ خان نے یہ فیصلہ پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔شمولیت کی یہ تقریب پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باشاہ ، پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور پارٹی رہنما سینیٹر روبینہ خالد کی موجودگی میں سینٹرل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

اس موقع پر محمد علی شاہ باشاہ نے کہا نادیہ خان کا پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونا پارٹی کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی خواتین کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے میں یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا کہ خواتین کا پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنا ہماری پارٹی قیادت اور پاکستان پیپلزپارٹی کی کامیابی ہے، ندیم افضل چن نے کہا کہ ہم نادیہ خان کو پیپلزپارٹی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اس موقع پر نادیہ خان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کے کردار کو اہمی دیتی ہے۔ نادیہ کی شمولیت سے پارٹی کی تنظیمی قوت مزید مضبوط ہوگی۔ نادیہ خان کی آمد سے پیپلز پارٹی کی وومن ونگ خیبرپختونخوا میں نئی توانائی آئے گی اور تنظیم مزید متحرک ہو گی۔ اس موقع پر سابقہ صوبائی وزیر آسیہ جہانگیر اور ایڈوکیٹ واحد للہ ھاشمی بھی موجود تھے۔