ویتنام میں یومِ آزادی پر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی پریڈ، ہر شہری کو نقد رقم کا تحفہ

فوجی پریڈ میں ہزاروں ویتنامی فوجیوں کے علاوہ چین، روس اور دیگر ممالک کے دستے بھی شریک ہوئے

بدھ 3 ستمبر 2025 14:25

ہنوئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)ویتنام نے اپنے 80 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملکی تاریخ کی سب سے بڑی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا، جس میں جدید فوجی سازوسامان نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جبکہ حکومت نے ہر شہری کو نقد رقم دینے کا بھی اعلان کیا۔دارالحکومت ہنوئی کی سڑکوں پر لاکھوں افراد پریڈ دیکھنے کے لیے جمع ہوئے، بیشتر شہری سرخ شرٹس پہنے اور قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔

پریڈ میں روسی ساختہ Mi-171 ہیلی کاپٹرز، سخوئی Su-30 لڑاکا طیارے اور مقامی طور پر تیار کردہ ڈرونز بھی شامل تھے۔فوجی پریڈ میں ہزاروں ویتنامی فوجیوں کے علاوہ چین، روس اور دیگر ممالک کے دستے بھی شریک ہوئے، جبکہ سمندر میں منعقدہ علیحدہ تقریب میں روسی آبدوزوں اور فریگیٹس کا مظاہرہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

یومِ آزادی کی تقریبات کے حصے کے طور پر حکومت نے اعلان کیا کہ ملک کے 10 کروڑ شہریوں میں سے ہر ایک کو ایک لاکھ ڈونگ(تقریبا 3.80 امریکی ڈالر)دیے جائیں گے، جس پر مجموعی طور پر تقریبا 380 ملین ڈالر خرچ ہوں گے۔

ویتنام کے صدر لیونگ کوانگ نے اس موقع پر عام معافی کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت 13 ہزار 920 قیدیوں کو قبل از وقت رہا کیا جائے گا۔خیال رہے کہ 2 ستمبر 1945 کو اسی مقام پر انقلابی رہنما ہو چی منہ نے فرانس کے تسلط سے آزادی کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :