چین میں 2025 میں تاریخ کاگرم ترین موسم گرما ریکارڈ

بدھ 3 ستمبر 2025 14:40

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)چین میں 2025 میں تاریخ کاگرم ترین موسم گرما رہا ۔ چین کے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ ملک نے رواں سال اپنی تاریخ کے سب سے گرم موسم گرما کا سامنا کیا ہے جبکہ جنوبی خطے بدستور شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جون سے اگست تک قومی اوسط درجہ حرارت 22.31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو چین کی تاریخ کا سب سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

بیجنگ میں جون کے دوران درجہ حرارت تقریبا 40 ڈگری تک پہنچ گیا جس پر حکام نے ہیٹ ویو سے جڑے صحت کے خطرات کی وارننگ بھی جاری کی۔گزشتہ ہفتے جاپان، جنوبی کوریا اور برطانیہ نے بھی اپنی تاریخ کی سب سے زیادہ گرمیاں ریکارڈ ہونے کا اعلان کیا تھا۔چین کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگرچہ اس ہفتے کے وسط میں درجہ حرارت میں وقتی کمی متوقع ہے لیکن شنگھائی سمیت کئی شہروں میں ہفتے کے اختتام تک دوبارہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا جائے گا۔