Live Updates

چیف ایگزیکٹو آفیسر بی ڈبلیو ایم سی کا مختلف علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ

بدھ 3 ستمبر 2025 17:54

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) چیف ایگزیکٹوآفیسربی ڈبلیو ایم سی محمد نعیم اختر نے باقر پور، بستی ساہلاں، جھوک شیرا اور ماڑی قاسم کے علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں کی حفاظت اور بحالی کے لیے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے قائم کئے گئے فلڈ ریلیف کیمپس میں بی ڈبلیو ایم سی کے ورکرز کو خصوصی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں جہاں پر صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات سمیت کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں اور ان کے سامان کی منتقلی میں بھی کمپنی عملہ مصروف عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ڈبلیو ایم سی کے جملہ ملازمین ڈویژن بھر میں سیلاب کی ناگہانی آفت کے دوران متاثرہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور حکومت پنجاب و تینوں ضلعی حکومتوں کے تمام اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں قائم فلڈ ریلیف کیمپس میں بہاو ل پور ضلع کے 29 فلڈ ریلیف کیمپس پر 132 ورکرز تعینات ہیں۔

اسی طرح بہاولنگر ڈسٹرکٹ کے 17 فلڈ ریلیف کیمپس پر بھی 136 اوررحیم یار خان ضلع میں قائم 36 فلڈ ریلیف کیمپس پر 107 ورکرز متعین کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کچرے کی فوری تلفی، صاف ستھرے ماحول کی فراہمی، ریلیف سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کے لیے بھی تیار ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات