آغوش کالج مری کے پہلے بیچ کی وفاقی بورڈ کے ایچ ایس ایس سی-II امتحانات میں غیر معمولی کامیابی

بدھ 3 ستمبر 2025 18:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے زیر انتظام آغوش کالج مری کے پہلے بیچ (2019–2025) نے وفاقی بورڈ (ایف بی آئی ایس ای) کے ایچ ایس ایس سیII- امتحانات میں غیر معمولی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس بیچ کے تمام 31 طلباء نے امتحان میں حصہ لیا اور 100 فیصد طلباء کامیاب قرار پائے۔ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں میں عاطف خان نے 985 نمبر (89.5 فیصد)، نظام اللہ نے 937 نمبر (85.2 فیصد) اور سید محمد خان نے 925 نمبر (84.1 فیصد) حاصل کیے۔

پرنسپل آغوش کالج مری نے اس موقع پر کامیاب طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آغوش کالج مری ایک معیاری ادارہ ہے جو نہ صرف اعلیٰ تعلیم فراہم کرتا ہے بلکہ طلباء کی کردار سازی، شخصیت سازی اور قیادت کی صلاحیتوں کو بھی نکھارتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ادارہ مستقبل کے بہترین رہنمائوں اور ذمہ دار شہریوں کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آغوش کالج مری یتیم اور مستحق بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ رہائشی سہولیات، ہم نصابی سرگرمیاں اور تربیتی پروگرام فراہم کرتا ہے تاکہ ان کی شخصیت ہمہ جہت انداز میں پروان چڑھ سکے۔ اس کامیابی پر انھوں نے تمام طلباء، ان کے سرپرستوں اور محنتی اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار نتیجہ آغوش کالج مری کی معیاری تعلیم، موثر تربیت اور محنتی ٹیم کا عملی ثبوت ہے۔