وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی کا پاکستان کے پہلے لائیوسٹاک سینٹر کا دورہ

بدھ 3 ستمبر 2025 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) وائس چانسلر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے روات میں واقع پاکستان کے پہلے نیشنل سینٹر فار لائیو سٹاک بریڈنگ، جینیٹکس اینڈ جینومکس کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا دورہ کیا۔ اس دوران یونیورسٹی کے رجسٹرار، ڈینز، ڈائریکٹرز اور فیکلٹی ممبرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تفصیلی دورے کے دوران وائس چانسلر نے لائیوسٹاک سینٹر میں قائم شدہ مختلف لیبارٹریز، کلاس رومز اور جدید آلات کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر محمد کامران، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی اور ڈاکٹر غلام بلال، سینٹرل پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اس سینٹر کی خصوصیات اور جاری تعمیری کام کے متعلق جامع بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ان شاءاللہ اگلے ماہ تمام تعمیری کام مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے پراجیکٹ ٹیم اور یونیورسٹی کے دیگر شعبوں کی طرف سے فراہم کردہ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر میں ایسے خصوصی مراکز کے قیام کی اشد ضرورت ہے تاکہ لائیو سٹاک کے شعبے کو مزید مضبوط کیا جا سکے اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھا کر قومی جی ڈی پی میں بھی اضافہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا سینٹر ہے جہاں پوسٹ گریجویٹ طلباء اور محققین کو مویشیوں کی افزائش، جینیات اور جینومکس میں جدید مطالعہ اور تحقیق کے لیے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔