Live Updates

حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے مالی امداد کی فراہمی جاری

بدھ 3 ستمبر 2025 18:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)ضلع سوات میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے مالی امداد کی فراہمی جاری ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیکس کے تقسیم جاری کئے ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مکمل طور پر تباہ ہونے والے 51 مکانات کے متاثرہ خاندانوں کو فی کس 10 لاکھ روپے جبکہ جزوی طور پر متاثرہ 440 خاندانوں کو 3 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے امدادی رقوم فراہم کی گئیں۔

جن کی مجموعی مالیت 18 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ سوات شفاف نظام کے تحت امداد فراہم کر رہی ہے تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی ریلیف اور بحالی ضلعی انتظامیہ سوات کی اولین ترجیح ہے۔

عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے نقصانات کے اندراج کے لیے ضلعی انتظامیہ سوات سے رجوع کریں تاکہ انہیں بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ سوات کی جانب سے متاثرہ دکانوں اور گھروں کے نقصانات کا سروے تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ کوئی بھی متاثرہ خاندان حکومتی امداد سے محروم نہ رہے۔قبل ازیں صوبائی حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ سوات نے بارشوں اور سیلاب سے زخمی ہونے والے 7 افراد کو فی کس 5 لاکھ روپے جبکہ شہداء کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :