سرکاردوعالم ﷺکی یوم ولادت انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریب

بدھ 3 ستمبر 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)رحمة اللعالمین سرکاردوعالم ﷺکی یوم ولادت کی مناسبت سے انجمن نوجوانان اسلام پاکستان کے زیر اہتمام کھارادر چھاگلہ اسٹریٹ میں پرچم کشائی کی عظیم الشان تقریب منعقد ہوئی صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں سربراہ انجمن نوجوانان اسلام پاکستان محمد سلیم عطاری، شہزاد میمن، اسد حنیف، سید شاہ ابرار الحق، محمد عاطف حنیف بلو، ایس ایچ او کھارادر، ڈی ایس پی کھارادر، مدرسہ نور فاطمہ کے سرپرستِ اعلیٰ اسماعیل ترابی، سید احسن شاہ،اکرم سیالوی سمیت چھاگلہ اسٹریٹ میلاد کمیٹی کے ارکان، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ناصرحسین شاہ نے کہاکہ عید میلادالنبی ﷺمناناسعادت بھی ہے اورعبادت بھی اللہ تعالیٰ نے حضوراکرم ﷺتمام جہانوں کیلئے رحمت بناکربھیجاہے حضوراکرم ﷺوجہ تخلیق کائنات ہیں۔

(جاری ہے)

محمدسلیم عطاری نے کہاکہ رسول اکرم ﷺکی ذات گرامی مسلمانوں کیلئے سب سے محبوب ترین ہستی ہے آپ ﷺسے محبت ہمارے ایمان کاحصہ ہے دنیا وآخرت کی کامیابی قرآن وسنت پرعمل پیراہونے میں ہے ۔وائس چیئرمین روشن ویلفیئرٹرسٹ محمد کامران اسحاق،نائب صدر روشن ویلفیئر ٹرسٹ سمیر ترابی نے شرکائے تقریب سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام اتحاد و یکجہتی اور جشن ولادتِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشیوں کو اجاگر کرنے کی ایک عملی مثال ہے۔