موٹر سائیکل چور گینگ کے گرد گھیرا تنگ،برکی پولیس نے 2رکنی بختو موٹر سائیکل چور گرو ہ گرفتارکر لیا

بدھ 3 ستمبر 2025 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) کینٹ ڈویژن پولیس نے متحرک موٹر سائیکل چور گینگ کے گرد گھیرا تنگ کر دیا،برکی پولیس نے 2رکنی بختو موٹر سائیکل چور گرو ہ گرفتارکر لیا،گرفتار ملزمان میں سرغنہ سلطان عرف بختو اور ادریس شامل ہیں۔ملزمان کے قبضہ سے 5موٹر سائیکلیں، ماسٹر چابیاں، 2پستول، میگزینز اور گولیاں برآمد، کی گئیں۔

ملزمان سے برآمدہ موٹر سائیکلیں پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھیں۔علاوہ ازیں ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ انہوں نے عوام الناس کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے احکامات جاری کیے۔کھلی کچہری کا مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور عوام الناس کے مابین فاصلے کم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

سٹی ڈویژن پولیس موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں کے تدارک کے لیے متحرک، بادامی باغ چوکی جوزف کالونی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے دو رکنی موٹر سائیکل چور گینگ گرفتار کر لیا۔

ملزمان کے قبضہ سے 2 موٹر سائیکل موبائل، ماسٹر چابیاں،نقد رقم اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔ملزمان مارکیٹ بازار اور رش والے مقامات پر واردات کرتے تھے۔گرفتار ملزمان میں نور اور شہزاد شامل ہیں۔مزید برآں ایس پی سٹی بلال احمد نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ انہوں نے عوام الناس کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے احکامات جاری کیے۔

کھلی کچہری کا مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور عوام الناس کے مابین فاصلے کم کرنا ہے۔سول لائن ڈویژن پولیس اسلحہ کی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا، گڑھی شاہو پولیس نے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے2 ملزمان گرفتار کر لیے۔ ملزمان کی شناخت احمد اور نبیل کے نام سے ہوئی۔ملزمان کی اسلحہ کی نمائش کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔

ملزمان کے قبضہ سے غیر قانونی 2 پستول اور گولیاں برآمد کی گئیں۔ماڈل ٹاون ڈویژن پولیس جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ان ایکشن، چوکی لکھوکی کاہنہ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں 2ملزمان گرفتار کر لیے۔ملزمان کو دوران پٹرولنگ اور خفیہ اطلاع پر مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ملزمان کے قبضہ سے 1کلو 200 گرام چرس 223بور رائفل برآمدکی گئی۔پولیس ریسپانس یونٹ نے سندر پولیس کو دوہرے قتل کے مقدمات میں مطلوب اشتہاری گر فتار کر لیا۔

پی آر یو ٹیم نے جین مندر سے ملزم کو مشکوک جانتے ہوئے گرفتار کیا۔کریمنل ریکارڈ چیک کرنے پرملزم اے کیٹیگری کا اشتہاری نکلا۔ملزم کیخلاف تھانہ سندر لاہور میں قتل کے 2 مقدمات درج ہیں۔لاہور پولیس کا اپنے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔شہید کنسٹیبل وارث علی کی برسی کے موقع پرپولیس گارڈ نے شہید کی قبر پر حاضری دی۔لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی اورفاتحہ خوانی کی۔ منعقدہ تقریب میں شہید کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔