نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سے سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کی ملاقات،پاکستانی کمیونٹی کیلئے کئے گئے اقدامات کی تعریف

جمعرات 4 ستمبر 2025 01:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی سے سابق وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی ساجد حسین طوری نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران شمال مشرقی خطے میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بدھ کو قونصل خانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران ساجد حسین طوری نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کرتے ہوئے تارکین وطن کے ساتھ مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے نیویارک میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کو سہولت اور مدد فراہم کرنے کیلئے کئے گئے آئوٹ ریچ اور اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمیونٹی کے خدشات دور کرنے جبکہ پاکستان اور امریکہ میں مقیم تارکین وطن کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں قونصلیٹ کی کوششوں کو سراہا۔ملاقات کا اختتام دونوں فریقوں کی جانب سے پاکستانی نژاد امریکیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہوا۔یاد رہے کہ ساجدحسین طوری جو اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں، ان کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے افراد بھی موجود تھے۔