چینی کمپنیوں کو قازقستان میں نئے منصوبوں میں شمولیت کی دعوت

جمعرات 4 ستمبر 2025 11:00

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) قازقستان کی قومی کمپنی کازمونی گیس (کے ایم جی) کے چیئرمین اسخات خاسینوف نے چینی کمپنیوں کو قازقستان میں نئے جیولوجیکل ایکسپلوریشن اور پیٹروکیمیکل منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔کاز انفارم کے مطابق بیجنگ میں منعقدہ قازق چین بزنس کونسل کے 8ویں اجلاس کے دوران پینل سیشن سے خطاب میں خاسینوف نے بتایا کہ کے ایم جی قازقستان کی سب سے بڑی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن والی کمپنی ہے جس کی مالیت 22.7 ارب ڈالر ہے، کمپنی بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے اور 15 ارب یوان مالیت کے "Dim Sum Bonds" جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال سینوپیک کے ساتھ مغربی قازقستان میں بیریزووکی ڈیپازٹ، سی این او او سی کے ساتھ زیلیوئی سائٹ اور سی این او ڈی سی کے ساتھ دوسٹک سائٹ پر معاہدے کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، چینی پارٹنرز کے ساتھ نئے منصوبوں میں بھی دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 15 سیڈیمنٹری بیسنز میں سے صرف 5 میں پیداوار جاری ہے لہٰذا سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

موجودہ وقت میں چینی کمپنیاں کے ایم جی کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں سالانہ 5.5 ملین ٹن تیل پیدا کر رہی ہیں۔پیٹروکیمیکل شعبے میں تعاون کے حوالے سے خاسینوف نے سالانہ 1.25 ملین ٹن کی صلاحیت کے حامل پولی ایتھلین پراجیکٹ اور سالانہ 880 ہزار ٹن کی صلاحیت کے حامل کاربامائیڈ پراجیکٹ کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک سی این پی سی کے ساتھ شیمکینٹ آئل ریفائنری کی گنجائش کو موجودہ 6 ملین ٹن سے بڑھا کر 2030 تک 12 ملین ٹن کرنا ہے۔واضح رہے کہ قازق چین بزنس کونسل کے آٹھویں اجلاس کے بعد 15 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے 70 سے زیادہ معاہدے دستخط کیے گئے۔