عوام پاکستان پارٹی کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ کا سردار اختر جان مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ

دہشت گردی واقعے پر گہری تشویش، شہداء کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت، زخمیوں کیلئے نیک تمناؤں اور بھرپور ہمدردی کا پیغام

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران سید امان شاہ نے حالیہ دہشت گردی کے واقعے کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانی جانوں کا ضیاع پورے صوبے کے عوام کیلئے شدید صدمے کا باعث ہے۔

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ سید امان شاہ نے اس موقع پر سردار اختر مینگل کو یقین دہانی کرائی کہ عوام پاکستان پارٹی دہشت گردی کے خلاف ہر سطح پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی احتجاجی یا سیاسی اقدام میں بھرپور شرکت کرے گی۔

(جاری ہے)

ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی مجموعی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا اور بڑھتی ہوئی بدامنی، عوامی مشکلات اور امن و امان کی بگڑتی کیفیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبے میں امن و استحکام کیلئے تمام جمہوری اور سیاسی قوتوں کو متحد ہو کر عوام کے حقوق، تحفظ اور خوشحالی کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی صوبے کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر سطح پر آواز بلند کرے گی تاکہ بلوچستان کے عوام کو امن، انصاف اور ترقی مل سکے۔