ادارہ فروغِ قومی زبان کے زیر اہتمام ''دفاعِ وطن، معرکہ حق (بنیان مرصوص)'' کے عنوان سے قومی سیمینار منعقد

جمعرات 4 ستمبر 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ادارہ فروغِ قومی زبان کے زیر اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ''دفاعِ وطن، معرکہ حق (بنیان مرصوص)'' کے عنوان سے قومی سیمینار منعقد ہوا، جس میں مقررین نے مسلح افواج کی قربانیوں اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کی صدارت وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔

انہوں نے کہا کہ قوموں کی فتوحات مضبوط اداروں اور آہنی عزم سے وابستہ ہوتی ہیں، پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور عوام اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔مہمانِ خصوصی میجر جنرل (ر) ڈاکٹر ثمریز سالک نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جبکہ ائیر وائس مارشل (ر) سرفراز خان نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 اور مئی 2025 کے کارنامے قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ یومِ دفاع کی یہ تقریب تجدیدِ عہد اور افواج پاکستان کی بہادری کو سلام پیش کرنے کے لیے ہے۔ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید نے کہا کہ پاکستان ایک حقیقت ہے جسے کوئی نظر انداز نہیں کرسکتا۔ تقریب کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، قومی ترانے اور خراجِ تحسین پر مبنی ویڈیوز دکھائی گئیں۔ نظامت سیدہ آمنہ نے کی اور اختتام پر کلامِ اقبال ترنم سے پیش کیا گیا۔