پی بی ایف کی جانب سے چین کو 80ویں یومِ فتح پر مبارکباد

جمعرات 4 ستمبر 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) پاکستان بزنس فورم نے جاپانی جارحیت کے خلاف مزاحمتی جنگ میں کامیابی کی 80ویں سالگرہ پر چین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پاکستان میں تعینات چینی سفیر کو اپنے پیغام میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر اور پی بی ایف لاہور کے صدر محمد اعجاز تنویر نے چینی عوام کی قربانیوں اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس فتح کو عالمی امن و انصاف کی جدوجہد میں ایک سنگ میل قرار دیا۔

(جاری ہے)

پی بی ایف لاہور کے سرپرست اعلی ریاض الحسن، سرپرست ودود علوی اور سیکرٹری محمود احمد نے صدر کے ہمراہ چین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان اور چین کی "آہنی دوستی" کے عزم کو دہرانے کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلے میں اضافے کی تجویز دی تاکہ تعاون کے نئے امکانات دریافت کیے جا سکیں اور دو طرفہ تجارت کو بڑھایا جا سکے۔رہنماوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کاروباری برادری کے باہمی روابط میں اضافہ پاک،چین اقتصادی راہداری اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت جاری منصوبوں کو مزید تقویت دے گا۔