گلوکارہ قرۃ العین بلوچ ، دیوسائی نیشنل پارک میں بھورے ریچھ کے حملے میں زخمی

جمعہ 5 ستمبر 2025 12:57

گلوکارہ قرۃ العین بلوچ   ،  دیوسائی نیشنل پارک میں بھورے ریچھ کے حملے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) گلوکارہ قرۃ العین بلوچ المعروف کیو بی دیوسائی نیشنل پارک میں ریچھ کے حملے میں زخمی ہو گئیں ۔گلگت بلتستان وائلڈ لائف حکام کے مطابق نایاب بھورے ریچھ نے دیوسائی کے مشہور کیمپنگ سائٹ ’بارہ پانی ‘کے قریب گلوکارہ کے کیمپ پر جمعرات کی شب حملہ کیا جہاں وہ اپنی ٹیم کے ساتھ شوٹنگ کے لیے موجود تھی۔

انہیں قریبی لوگوں نے بچا کر ہسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں۔بلتستان پولیس کے ترجمان غلام محمد کے مطابق، بلوچ پانے دو دوستوں کے ساتھ تھی جب ریچھ نے حملہ کیا، ان کے دونوں بازو ریچھ کے پنجوں اور دانتوں سے زخمی ہوئےتاہم ان کا کیمرہ مین اور ایک اور ساتھی اس واقعے میں محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ واقعہ کے وقت کیمپ سائٹ کے قریب تعینات وائلڈ لائف کے عملے نے فوری مداخلت کی، ابتدائی طبی امداد دی اور اسے آر ایچ کیو ہسپتال سکردو منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ وہ خطرے سے باہر ہے۔

اس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔دیوسائی میں رہنے والے ہمالیائی بھورا ریچھ اکثر خوراک کی تلاش میں بارہ پانی کی طرف آتے ہیں ۔ دیوسائی نیشنل پارک سکردو اور استور اضلاع کے درمیان پھیلا ہوا انتہائی دلکش علاقہ ہے ۔ ہر موسم گرما میں، پارک قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کی ایک بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے جو دنوں تک وہاں کیمپ لگاتے ہیں۔