معروف اداکار و ہدایت کار عابد علی کی برسی جمعہ کو منائی گئی

جمعہ 5 ستمبر 2025 12:33

معروف اداکار و ہدایت کار عابد علی کی برسی   جمعہ  کو منائی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) معروف اداکار عابد علی کی چھٹی برسی5 ستمبر بروز جمعہ منائی گئی ۔ اداکارعابد علی 1952میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔انہوں نے ریڈیو پاکستان سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا اور 1973 میں پاکستان ٹیلی ویژن سے منسلک ہو گئے ۔ انہوں نے1980 ء اور1990 ء کی دہائیوں میں کئی مقبول ڈراموں میں کام کیا۔

انہوں نے ٹی وی کے ساتھ ساتھ بے شمار فلموں میں بھی فن کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

اداکارعابد علی کو ڈرامہ” وارث” سے شہرت حاصل ہوئی جبکہ ان کے مقبول ڈراموں میں خواہش، دشت، دوسرا آسمان، مہندی ،پیاس، دوریاں، دیار دل شامل ہیں۔انہوں نے سینکڑوں ٹیلی ویژن ڈراموں اور درجنوں فلموں میں کام کیا۔ لیجنڈ اداکار اور ہدایت کار عابد علی آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ عابد علی کو مختلف قومی اور بین الاقوامی اعزات سمیت پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا۔ اداکارعابد علی5ستمبر2019 کو67 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ عابد علی کی برسی کے موقع پر شو بز انڈسٹری اور فنکار برادری سمیت ان کے مداحوں کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا۔