Live Updates

تمام ثبوتوں پر جامع نظرِثانی کرنے کے بعد فی الوقت کرکٹر حیدر علی کیخلاف تحقیقات بند کر دی گئی ہیں، برطانوی پولیس

اگر مستقبل میں کوئی معلومات سامنے آتی ہے تو اس مواد اور مقدمے پر مناسب طریقے سے دوبارہ نظرِ ثانی کریں گے،بیان

جمعہ 5 ستمبر 2025 15:20

مانچسٹر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)پاکستانی کرکٹر حیدر علی کیخلاف مبینہ طور پر ریپ کیس میں تحقیقات بند کرنے پر مانچسٹر پولیس نے کہا ہے کہ تمام ثبوتوں پر جامع نظرِثانی کرنے کے بعد فی الوقت تحقیقات بند کر دی گئی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو گریٹر مانچسٹر پولیس نے بذریعہ ای میل بتایا کہ ہم اس طرح کے تمام الزامات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہر واقعے کو انفرادی طور پر انتہائی دھیان سے دیکھتے ہیں۔

کرکٹر حیدر علی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مانچسٹر پولیس کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تمام ثبوتوں پر جامع نظرِثانی کرنے کے بعد فی الوقت تحقیقات بند کر دی گئی ہیں۔ تاہم ماچسٹرپولیس کا کہنا تھا کہ اگر (مستقبل میں) کوئی معلومات سامنے آتی ہے تو ہم اس مواد اور مقدمے پر مناسب طریقے سے دوبارہ نظرِ ثانی کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 7 اگست کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ قومی کرکٹر حیدر علی کو برطانوی پولیس کے زیر تفیش کیس میں عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

8 اگست کو برطانوی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستانی بلے باز حیدر علی برطانیہ میں پاکستان شاہینز ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران مبینیہ زیادتی کے کیس کے بعد گریٹر مانچسٹر پولیس کی تفتیش کی زد میں ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گریٹر مانچسٹر پولیس نے ادارے کو ایک ای میل کے جواب میں بتایا تھا کہ 4 اگست 2025 کو زیادتی کی ایک رپورٹ موصول ہونے کے بعد پولیس نے 24 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔مبینہ طور پر یہ واقعہ بدھ، 23 جولائی 2025 کو مانچسٹر کے ایک مقام پر پیش آیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق مذکورہ شخص کو مزید تفتیش تک ضمانت پر رہا کیا گیا ہے۔مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی 2020 میں اپنے ڈیبیو کے بعد سے پاکستان کی جانب سے 35 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 2 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات