یورپ کے تیز ترین سپر کمپیوٹر ’’جوپیٹر‘‘ کا جرمنی میں افتتاح

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:10

کولون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) یورپ کے تیز ترین سپر کمپیوٹر ’’جوپیٹر‘‘ کا جمعہ کو جرمنی کے شہر کولون میں افتتاح کر دیا گیا ۔اے ایف پی کے مطابق یہ جرمنی میں اپنی نوعیت کا پہلا لاجواب(ایگزوسکیل) سپر کمپیوٹر ہے جس کے لانچ کے بعد جرمنی کو امید ہے کہ جوپیٹر آب و ہوا کی تحقیق سے لے کر مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں شامل ہونے تک ہر چیز میں براعظم یورپ کی مدد کر سکتا ہے۔

یہ یورپ کا پہلا لاجواب سپر کمپیوٹر فی سیکنڈ کم از کم ایک کوئنٹلین (یا ایک ارب بلین) حساب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔مغربی جرمنی کے یولیش ریسرچ سینٹر میں جوپیٹر کو تقریباً 3,600 میٹر (38,000 مربع فٹ) پر محیط ایک مرکز میں رکھا گیا ہے جو فٹ بال کی پچ کے تقریباً نصف سائز بنتا ہے جس میں پروسیسرز کے ریک (خانے)ہیں،جو اے آئی انڈسٹری کی پسندیدہ تقریباً 24,000 اینوڈیا چپس سے بھری ہوئی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بتایا گیا کہ اگلے چند سالوں میں سسٹم کو تیار کرنے اور چلانے کے لیے نصف 500 ملین یورو ( 580 ملین ڈالر ) یورپی یونین سے اور باقی جرمنی سے آئے گا۔اس کی وسیع کمپیوٹنگ طاقت تک متعدد شعبوں کے محققین کے ساتھ ساتھ کمپنیاں اے آئی ماڈلز کی تربیت جیسے مقاصد کے لیے رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔یولیش سینٹر کے سربراہ، تھامس لیپرٹ نےکہا ہے کہ یہ جرمنی میں کسی بھی دوسرے کمپیوٹر سے 20 گنا زیادہ طاقتور ہے۔لیپرٹ نے کہا کہ جوپیٹر پہلا سپر کمپیوٹر ہے جسے یورپ میں اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے بین الاقوامی سطح پر مسابقتی سمجھا جا سکتا ہے، جو اس شعبے میں امریکہ اور چین سے پیچھے ہے۔