Live Updates

سندھ کے مختلف اضلاع میں 6 تا 9 ستمبر بارشوں کی پیشگوئی، اربن و فلیش فلڈنگ کا خدشہ

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نےالرٹ جاری کیا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں 6 تا 9 ستمبر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو وقفہ وقفہ سے جاری رہے گا۔این ڈی ایم اے کے میڈیا وِنگ نے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے حوالے سے الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ ، بدین، سجاول، حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علاقوں میں 7 تا 9 ستمبر کے دوران شہری سیلاب (اربن فلڈنگ ) کا خطرہ موجود ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ تھرپارکر میں مٹھی، اسلام کوٹ، نگرپارکر، چھاچھرو، ڈھلی، ڈیپلو، کلوئی سمیت عمرکوٹ، سانگھڑ، جامشورو، دادو، گھوٹکی، کشمور اور ملحقہ پہاڑی ندی نالوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈ ) آنے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد، شکارپور اور دیگر نشیبی شہری علاقے بھی زیر آب آ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ادارے کی ہدایت پر صوبائی محکمے اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں کے مکین حفاظتی انتظامات مکمل رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :