وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے درمیان ملاقات، سندھ میں ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا عزم

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے درمیان کراچی میں ہونے والی اہم ملاقات میں ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑے فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی تا سکھر 480 کلومیٹر طویل ریلوے لائن پر 6 ارب روپے کی مشترکہ سرمایہ کاری سے نئی مسافر ٹرین چلائی جائے گی۔

اس کے علاوہ کراچی کینٹ اور سٹی سٹیشن کی صفائی ستھرائی کا انتظام سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ملاقات میں سندھ کے اہم ریلوے سٹیشنز کی تزئین و آرائش اور تجاوزات کے خاتمے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ یہ طے پایا کہ ایم ایل ون کیماڑی سے شروع ہوگا اور اس کی اپ گریڈیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو مشترکہ طور پر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ریلوے کی بحالی کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے بعد ریلوے کی اصل اونرشپ نظر آ رہی ہے ، یہ فیصلے ایک مضبوط، جدید اور مربوط ریلوے نیٹ ورک کی سمت سنگ میل ثابت ہوں گے جس سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔