مظفر آباد، جشن میلاد النبیؐ کے حوالے سے مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام مرکزی عید گاہ سے میلاد ریلی نکالی گئی

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) 1500 سالہ جشن میلاد النبیؐ کے حوالے سے مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام مرکزی عید گاہ سے میلاد ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت صدر مرکزی سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی،جنرل سیکرٹری خرم شہزاد،میئر بلدیہ مظفرآباد سکندر نثار گیلانی،اسسٹنٹ کمشنر غلام محی الدین گیلانی،سالار اعلیٰ میاں عتیق احمد جھاگوی،صاحبزاہ جاوید منان قریشی،صاحبزادہ رفیق جھاگوی،قاضی ابراہیم احمد چشتی،صاحبزادہ کامران قادری،علامہ میاں محمد بشیر نقشبندی، صاحبزادہ کامران قادری،شوکت جاوید میر،شیخ اظہر نے کی۔

ریلی میں سٹی صدر مسلم لیگ (ن )انجم زمان اعوان، چیئرمین انجمن تاجران شوکت نواز میر، صاحبزادہ کوکب سلیم چشتی،سردار مبارک حیدر، علماء کرام و مشائخ عظام، دینی و سیاسی جماعتوں کے زعماء، وکلاء تنظیموں کے نمائندگان، صحافی حضرات، انجمن طلباء اسلام، انجمن محبان مصطفیٰ، سنی تحریک اور تحریک لبیک آزاد کشمیر کے قائدین سمیت مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

عاشقانِ مصطفیٰؐ سبز جھنڈے لہراتے، درود و سلام پڑھتے اور محبتِ رسولؐ کا عملی مظاہرہ کرتے رہے۔ جلوس کے راستے میں جگہ جگہ مختلف تنظیموں، تاجر برادری اور عام شہریوں نے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا۔ ریلی کا آغاز مرکزی عیدگاہ گراؤنڈ سے ہوا اور روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے شرکاء نے نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت کی گونج میں لبیک یا رسول اللہؐ کے نعرے بلند کرتے رہے۔

راستے بھر میں مساجد، بازاروں اور گلی کوچوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ ریلی میں نیازپورہ، بٹلیاں، کھلہ، رنجاٹہ، انوار شریف، ایئرپورٹ، اپر گوجرہ، اپر پترینڈ، جبڑا، شہید گلی، حسن گلیاں، دولائی، گوجرہ، پٹہکہ اور دیگر دور دراز دیہات و مضافات سے قافلے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں نے سڑکوں کے کنارے کھڑے ہو کر نعرے لگائے اور گل پاشی کی۔

مظفرآباد کی فضا درود و سلام کی صداؤں سے گونجتی رہی اور شہر کی گلیاں ایمان افروز مناظر پیش کرتی رہیں۔ مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کی جانب سے ریلی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جس میں ٹریفک کنٹرول، سکیورٹی، پانی اور سہولیات شامل ہیں۔ صدر مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد عتیق احمد رضا نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی نہ صرف میلاد مصطفیٰؐ کی خوشی کا اظہار ہے بلکہ 1500 سالہ جشنِ ولادت کے تناظر میں ایک تاریخی موقع ہے۔

دور دراز علاقوں سے قافلوں کی آمد نے مظفرآباد کو عشقِ رسولؐ کے ایک بڑے مرکز میں بدل دیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ ان اجتماعات کے ذریعے حضورؐ کی سیرتِ طیبہ کے پیغام کو عام کیا جائے تاکہ ہماری زندگیوں میں امن، محبت اور خیر کا فروغ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی سیرت کمیٹی آئندہ بھی اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مختلف پروگرامز، کانفرنسز اور محافل کا انعقاد کرے گی تاکہ نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ کے سنہری اصولوں سے روشناس کرایا جا سکے۔یہ عظیم الشان ریلی کئی گھنٹوں تک جاری رہی اور شہر کی گلیوں، بازاروں اور شاہراہوں پر عشقِ رسولؐ کے والہانہ مناظر دیکھنے کو ملے۔ ہزاروں افراد پر مشتمل یہ جلوس مظفرآباد کی تاریخ میں ایک اور یادگار باب کے طور پر لکھا جائے گا۔