آزاد جموں وکشمیر میں 07 ستمبر 2025 کو سرکاری سطح پر یوم ختم نبوت منایا جائیگا

جمعہ 5 ستمبر 2025 19:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) آزاد جموں وکشمیر میں 07 ستمبر 2025 کو سرکاری سطح پر یوم ختم نبوت منایا جائیگا۔ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر میں اس حوالہ سے گزشتہ برس وزراء حکومت پیر محمد مظہر سعید شاہ، احمد رضا قادری، سردار میر اکبر خان اور سردار جاوید ایوب کی جانب سے پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی جس کے بعد وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے اعلان کیا تھا کہ جب تک آزاد کشمیر کا یہ خطہ موجود ہے ہر سال 07 ستمبر کو یوم ختم نبوت منایا جائیگا۔

(جاری ہے)

یوم ختم نبوت کے موقع پر تمام اضلاع میں جلسے، سیمینارز، نعتیہ محافل اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ مساجد و مدارس میں ختم نبوت کے موضوع پر خطبات و بیانات دیے جائیں گے۔ یوم ختم نبوت کے حوالے سے حکومت آزادکشمیر کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔