محکمہ کھیل سندھ کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقع پرکراچی کے ضلع جنوبی اور شرقی میں کھیلوں کے مختلف ایونٹس کا انعقاد

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) سندھ حکومت کی جانب سے یومِ دفاع کے موقع پرمحکمہ کھیل کے زیر اہتمام کراچی کے ضلع جنوبی اور شرقی میں کھیلوں کے ایونٹس منعقد کیے گئے جن میں گرلز اور بوائز کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر ضلع جنوبی کراچی میں میجر عزیز بھٹی شہید کی یاد میں گرلز کے مختلف کھیلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں دو سو سے زائد گرلز کھلاڑیوں نے شرکت کی،گیمز میں گرلز ٹینس، والی بال، ٹگ آف وار اورٹیبل ٹینس اسپورٹس گالا شامل تھے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل سیکریٹری کھیل اسد اسحاق، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے احمد علی راجپوت اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر سائوتھ فرید علی تھے۔اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فرید علی نے کہا کہ گرلز ٹیبل ٹینس میں پہلی پوزیشن آصفہ اکرام، دوسری مہوش فیصل اور تیسری نازین آصف نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

گرلز ٹینس میں پہلی پوزیشن افشاں فاطمہ، دوسری دعا یوسف اور تیسری تحریم یوسف کے حصے میں آئی۔

رسہ کشی کے مقابلے میں کے ایم اے گرلز ڈگری کالج نے پہلی جبکہ ٹی آئی اے نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ گرلز ریلے ریس میں بھی کے ایم اے گرلز ڈگری کالج نے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والی کھلاڑیوں میں میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ایڈیشنل سیکریٹری کھیل اسد اسحاق نے اس موقع پر کہا کہ سندھ حکومت اور وزیر کھیل سندھ کی ہدایت پر یومِ دفاع کے موقع پر صوبے کے تمام ڈویژنز میں کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ افواجِ پاکستان کے شہدا ء کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے اور نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بیدار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں بوائز کے ساتھ ساتھ گرلز کو بھی پروموٹ کیا جا رہا ہے کیونکہ دونوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔اس کے علاوہ سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر ضلع شرقی کراچی میں بھی گرلز و بوائز کے درمیان بیڈمنٹن اور ٹیک بال کے مقابلے کرائے گئے جن میں 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کھیل فرید علی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس افسران شکیل احمد، سنی پرویز اور محمد عثمان سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافی، میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ کھلاڑیوں نے "پاکستان زندہ باد" اور "پاک افواج زندہ باد" کے نعرے بھی لگائے۔